پاکستان غیر ملکی قبضے میں رہنے والے عوام کی آواز بن کر رہے گا: سفیر منیر اکرم

نیویارک ( ذیشان شمسی ) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن اور پاکستانی قونصلیٹ جنرل نیویارک نے مشترکہ طور پر 84ویں یوم پاکستان کی یاد میں پرچم کشائی کی خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر منیر اکرم نے کہا کہ 23 مارچ پاکستان کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی نمائندگی کرتا ہے کیونکہ برصغیر کے مسلمانوں نے قائداعظم کی متحرک قیادت میں اپنی ایک آزاد مملکت کے قیام کا عزم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمارے بانیوں کے بلند وژن اور ان کی جمہوری جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے جس نے سات سال کے عرصے میں قیام پاکستان کو ممکن بنایا۔ سفیر اکرم نے کہا کہ پاکستان نے اپنی آزادی کے ایک ماہ بعد اقوام متحدہ میں شمولیت اختیار کی اور تب سے اس نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق دوستی اور امن قائم کرنے اور کثیر الجہتی تعاون کو فروغ دینے میں فعال اور تعمیری کردار ادا کیا ہے۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان عالمی انسانی حقوق کے لیے ایک مضبوط آواز ہے جس میں غیر ملکی قبضے کے تحت تمام لوگوں بالخصوص جموں و کشمیر اور فلسطین کے لوگوں کے حق خود ارادیت شامل ہیں۔ سفیر منیر اکرم نے مزید کہا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں پر مبنی ایک بین الاقوامی آرڈر کو اصولوں پر مستقل عمل درآمد کرنا چاہیے، خاص طور پر ان اصولوں پر عمل درآمد کے لیے جو حق خود ارادیت، طاقت کے عدم استعمال، خودمختاری کے احترام سے متعلق ہیں۔