پاکستان،ایران تجارت کا فروغ وقت کا تقاضا ہے،ایاز صادق
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعاون کا فروغ وقت کا اہم تقاضا ہے ۔ پارلیمانی روابط کے ذریعہ دونوں ممالک پائیدار دوستی اور تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں ۔
ایران کے پارلیمانی وفد نے ایرانی نائب وزیر خارجہ برائے اقتصادی امور و سفارتکاری مہدی سفاری کی سربراہی میں سپیکر سے ملاقات کی ۔ جس میں ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدام بھی موجود تھے ۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ایرانی وفد کے سربراہ نائب وزیر خارجہ مہدی سفاری نے سردار ایاز صادق کو سپیکر قومی اسمبلی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ایرانی وفد کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان، ایران کے ساتھ اپنے برادرانہ تاریخی تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔
دونوں برادر ممالک مذہب، اخوت، ثقافت اور تاریخ کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔دونوں اقوام میں ہم آہنگی کا فروغ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین قریبی رابطوں کیلئے ضروری ہے۔
پارلیمانی رابطے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔پارلیمانی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے میں پارلیمانی فرینڈ شپ گروپس کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے
