کمیونٹی کی سرگرمیوں کیلئے سفارتخانے کےدروازے کھلے ہیں،سفیر پاکستان
واشنگٹن(ذیشان شمسی)وطنِ عزیز کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے کمیونٹی کی مثبت سرگرمیوں کے لئے پاکستانی سفارتخانے کے دروازے کھلے ہیں اور سفارتخانے کا مکمل انفراسٹرکچر اور افرادی قوت کمیونٹی کے لئے حاضر ہے ان خیالات کا اظہارامریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے سفارتخانے میں منعقدہ اقلیتی برادری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی پاکستانی کمیونٹی کو سفارتخانے میں تقریبات منعقد کرنے کے حوالے سے سہولت کاری کی گئی جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے۔ اس سلسلے کو مزید بڑھاتے رہیں گے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان ہمارا تشخص اور اصل پہچان ہے امریکہ میں سکونت اختیار کرنے والا ہر شخص ہمیشہ پاکستانی امریکن کے طور پر جانا جائے گا ہمارا فرض ہے کہ مادرِ وطن کی تعمیر و ترقی کے لئے تمام تر وابستگیوں اور ترجیحات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مل کر کام کریں۔
اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا نے تقریب سے خطاب کرتے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور ان سے متعلقہ خاندانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔تقریب سے کمیونٹی کے سرکردہ رہنماؤں جواد شیرازی، اسد چوہدری، عائشہ خان اور مظہر چغتائی نے بھی خطاب کیا۔
