وزیراعظم سے ملائیشین ہم منصب کی بالمشافہ ملاقات
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملائیشیا کے ہم منصب انور ابراہیم کی ون آن ون ملاقات ہوئی۔ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
شہباز شریف اور ملائیشیا کے وزیراعظم کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے امت مسلمہ کو درپیش مسائل سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے بات چیت کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انور ابراہیم کو ملائیشیا کی آسیان دوہزار پچیس کی چیئرمین شپ ملنے پر مبارکباد دی۔ ملائیشیا کے وزیراعظم نے آسیان میں پاکستان کی سیکٹورل ڈائیلاگ پارٹنر کے طور پر مسلسل شراکت داری کو سراہا اور آسیان میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کی حمایت کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے کئی دہائیوں پر محیط دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور مختلف سطحوں پر بات چیت اور وفود کے تبادلوں کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا
