دفتر خارجہ کی ٹی ٹی پی کیساتھ حکومت کے مذاکرات کی تردید
اسلام آباد(سعد عمر) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ٹی ٹی پی کے ساتھ حکومت کے مذاکرات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کا ٹی ٹی پی سے انگیجمنٹ سے متعلق کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔
ترجمان نے کہا کہ افغانستان میں ہمارے سفارتکاروں کا کام افغان حکومت سے رابطے میں رہنا ہے۔پاکستانی ناظم الامورکی افغان وزیر دفاع سے ملاقات کے امور میڈیا سے شیئر نہیں کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا حکومت پاکستان اور ٹی ٹی پی کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، پاکستان اور چین کا ٹی ٹی پی سے انگیجمنٹ سے متعلق کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بیلاروس کےصدر نے وزیر اعظم کی دعوت پر دورہ کیا، پاکستان اور بیلاروس کے درمیان متعدد جامع معاہدے کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ دورے میں آنے والے وقت کےلیے جامع تعاون کے روڈ میپ پر بھی دستخط ہوئے جبکہ دورے کی سائیڈ لائنز پر ایک بزنس فورم بھی منعقد ہوا جس میں پاکستان اور بیلا روس کے تاجروں نے شرکت کی۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ یو اے ای کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی تعداد کی فی الحال تصدیق نہیں کی جاسکتی، پاکستانی شہریوں پر یو اے ای نے ویزے کی پابندی عائد نہیں کی۔
