پاکستان کا شام میں نمائندہ طرز حکمرانی کا مطالبہ
نیویارک(ذیشان شمسی)پاکستان نے برادر ملک شام میں سیاسی شمولیت اور نمائندہ طرز حکمرانی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ عمل شامی قیادت میں اور شامی عوام کی ملکیت میں ہونا چاہیے اور اقوام متحدہ کی حمایت حاصل ہونی چاہیے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شام کی صورتحال پر بدھ کے روز ہونے والی بحث میں پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر منیر اکرم نے کہا، "آج شام اپنی تاریخ کے ایک اہم موڑ پر ہے۔
انہوں نے کہا، "حالیہ سیاسی پیش رفت معمولات کی بحالی، استحکام اور امن کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔” مزید کہا، "یہ اس بات پر منحصر ہوگا کہ ایک نئے حکومتی ڈھانچے کی پرامن منتقلی کو یقینی بنایا جائے جو جامع اور مستحکم ہو اور شام کی وحدت اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنائے۔
اپنے ریمارکس میں پاکستانی مندوب سفیر منیر اکرم نے عبوری حکومت کے رہنماؤں اور نمائندوں کے مثبت بیانات اور یقین دہانیوں کا خیر مقدم کیا اور کہا، "انہیں پالیسیوں میں تبدیل کیا جانا چاہیے اور عملی طور پر نافذ کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور اس کونسل کو شام کے اندر اور اس سے دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کی ضرورت ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جو اب بھی غیر مستحکم ہیں، اور کہا کہ بعض گروپوں کے پس منظر اور غیر ملکی جنگجوؤں کی موجودگی کی اطلاعات احتیاط کا تقاضا کرتی ہیں۔
