پاکستان کشمیر کاز کے لیے اپنی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا،، سفیر عاصم افتخار

نیویارک ( ذیشان شمسی ) پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر یو این مشن میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں متبادل مستقل نمائندے، سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ کشمیری عوام کی اپنے ناقابل تنسیخ حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حق اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (UNSC) کی قراردادوں اور بین الاقوامی میثاق برائے شہری و سیاسی حقوق (ICCPR) میں تسلیم شدہ ہے۔ عاصم افتخار نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازع محض ایک علاقائی مسئلہ نہیں ہے بلکہ اس کے قانونی، سیاسی، انسانی حقوق اور امن و سلامتی کے پہلو بھی ہیں، جن پر فوری عالمی توجہ کی ضرورت ہے۔ سفیر عاصم افتخار احمد نے مزید کہا کہ کشمیر تنازع کے پُرامن حل کا طریقہ کار سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں واضح طور پر درج ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مسلہ کشمیر کا واحد حل استصوابِ رائے ہے جس کے ذریعے کشمیری عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں، کیونکہ ان کی مرضی ہی سب سے زیادہ مقدم ہے۔