پاکستان کا بھارت میں جوہری مواد چوری کی تحقیقات کا مطالبہ
اسلام آباد(سعد عمر)پاکستان نے بھارت میں جوہری مواد کی چوری کی تحقیقات اور ایٹمی تنصیبات کی سیکیورٹی کا جائزہ لینے کا مطالبہ کردیا۔ ترجمان دفتر خارجہ شفقات علی خان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی وزیر دفاع کے پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق دیے گئے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غیر ذمہ دارانہ بیانات پاکستان کے موثر دفاع اور روایتی ذرائع سے بھارتی جارحیت کے خلاف مزاحمت پر اس کے شدید عدم تحفظ اور مایوسی کو ظاہر کرتے ہیں، پاکستان کی روایتی عسکری صلاحیتیں بھارت کو روکنے کے لیے کافی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت کے وزیر دفاع عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے مینڈیٹ اور ذمہ داریوں سے مکمل طور پر لاعلم ہیں۔
ترجمان نے بھارت میں جوہری اور تابکار مواد کی بار بار چوری اور غیر قانونی اسمگلنگ کے واقعات پرسوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ آئی اے ای اے اور عالمی برادری کو ان معاملات کی زیادہ فکر ہونی چاہیے۔
