اقوام متحدہ میں پاکستان مشن اور قونصلیٹ جنرل نیویارک کے زیر اہتمام یوم تشکر کی تقریب,,

نیو یارک ( ذیشان شمسی ) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن اور نیویارک میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان نے مشترکہ طور پر ’’یومِ تشکر‘‘ کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا، جس میں مادرِ وطن کے دفاع میں پاکستان کی مسلح افواج کی بے مثال قربانیوں اور جرأت کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ پوری قوم کو اپنی مسلح افواج کی بہادری اور جرأت پر فخر ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے خطرناک عزائم کو ناکام بنایا، اور خطے میں بالادستی قائم کرنے کا اُس کا خواب چکنا چور کر دیا۔اُنہوں نے کہا کہ پوری قومی سیاسی قیادت سے لے کر عوام تک — بھارتی جارحیت کے خلاف اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔ ہمیں اپنی آزادی اُن شہداء کے لہو کی بدولت ملی ہے۔سفیر عاصم نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں پر مبنی ہے، جن میں طاقت کا عدم استعمال، تنازعات کا پرامن حل، حق خودارادیت، اور طاقت کے ذریعے زمین کے حصول کی مخالفت شامل ہیں ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے کہا کہ بھارت کے بے بنیاد اور بلا اشتعال حملے کے جواب میں پاکستان نے انتہائی تدبر، برداشت اور حکمتِ عملی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھارت نے فوجی کشیدگی میں بلا جواز اضافہ کیا، وہیں پاکستان کا ردِ عمل درست، محدود اور بین الاقوامی اصولوں کے عین مطابق تھا۔
قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان کا ہمیشہ سے یہ مؤقف رہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا انحصار بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر (IIOJK) میں انصاف کی فراہمی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعات کے حل پر ہے۔