اقوام متحدہ  پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے، مذکرات اور سندھ طاس معاہدے کی بحالی کے لیے فعال کردار ادا کرے ،، بلاول بھٹو 

0

نیویارک اقوام متحدہ ( ذیشان شمسی ) پاکستان کے اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد نے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت  میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں یو این  سیکریٹری جنرل جناب انتونیو گوتیرش سے ملاقات کی یہ ملاقات بھارت کی حالیہ فوجی اشتعال انگیزی اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں کا حصہ تھی۔۔بلاول  بھٹو نے 22 اپریل 2025 کے پاہلگام حملے کے بعد کی صورتحال میں پاکستان کے مؤقف سے سیکریٹری جنرل کو آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان پر بھارت کی جانب سے بغیر کسی تحقیقات یا شواہد کے لگائے گئے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بھارت کے یکطرفہ فوجی اقدامات — جن میں عام شہریوں پر حملے، ہلاکتیں، شہری انفراسٹرکچر کو نقصان، اور سندھ طاس معاہدے کو  یکطرفہ  معطل کرنا نہایت خطرناک ہیں اور پورے خطے کے استحکام کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔سابق وزیر خارجہ نے بھارتی اشتعال انگیزیوں کے باوجود پاکستان کے بالغ نظری، ذمہ دارانہ اور پُرامن طرزِ عمل پر روشنی ڈالی

 بلاول بھٹو زرداری نے سیکریٹری جنرل سے درخواست کی کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے خاتمے، مکالمے کے فروغ، اور سندھ طاس معاہدے کی بحالی کے لیے فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے خاص طور پر مسئلہ جموں و کشمیر پر جامع مذاکرات کے آغاز کی ضرورت پر زور دیا، جو جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔سیکریٹری جنرل گوتیرش نے پاکستان کی امن پسندی کی خواہش کا خیرمقدم کیا اور خطے میں امن، تحمل اور سفارتکاری کے تحفظ کے لیے اقوام متحدہ کی بھرپور  دلچسپی کا اعادہ کیا سیکریٹری جنرل نے وفد کو یقین دلایا کہ اقوام متحدہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مکمل طور پر سرگرم ہے اور کشیدگی کے خاتمے کے لئے کوششیں جاری رکھے گا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے