بھارتی جارحیت کی وجہ سے مستقبل کے تنازعات میں جوہری خطرات بڑھ گئے،بلاول
سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حالیہ بھارتی جارحیت کی وجہ سے مستقبل کے تنازعات میں جوہری خطرات میں اضافہ ہوا ہے۔
امریکہ کے دورے پر آئے اعلیٰ سطح پاکستانی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان اور بھارت کے مابین جامع بات چیت کی اہمیت پر زور دیا ۔
بلوم برگ کو دئیے گئے خصوصی انٹرویو میں سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ مستقبل میں کسی بھی اقدام کا جواب دینے کے حوالے سے پاکستان کے پاس بہت کم وقت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ تنازعہ کے دوران ہندوستان کی جانب سے جوہری صلاحیت کے حامل میزائل کے استعمال نے صورتحال کو مزید نازک بنا دیا ۔
جنگ بندی کے باوجود بھارتی وزیرِ اعظم کی جانب سے بھارتی اقدام کو "نیو نارمل ” کہا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم اس نیو نارمل کو ابنارمل کہتے ہیں جسے بھارتی قیادت خطے پر مسلط کرنا چاہ رہی ہے۔
بھارتی قیادت کے نیو نارمل کےمطابق بغیرکسی شواہد اور ثبوت دوسرے ملک پر حملہ اور خطے کو جنگ کی طرف دھکیلا جا سکتا ہے
اس نظریے کے مطابق پاکستان سے جنگ چھیڑنے کے لئے کسی ثبوت یا شواہد کی نہیں بلکہ محض ایک الزام کافی ہوگا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمارا نقطہ نظر یہ ہے کہ پاکستان اور بھارت جامع مذاکراتی عمل میں شامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور تسلی بخش جواب دیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے جنگ بندی کے حوالے سے امریکی قیادت کے کردار کو سراہا۔
