پاکستان،برطانیہ کا پارلیمانی،سفارتی تعلقات کے فروغ پر زور
اسلام آباد(سعد عمر)برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات ۔
دونوں رہنمائوں نے ملاقات کے دوران دوطرفہ پارلیمانی اور سفارتی تعلقات، علاقائی اور عالمی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔
چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنی جامع شراکت داری کو وسیع تر تزویراتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہشمند ہے ۔
انہوں نے علاقائی امن واستحکام کی اہمیت پر زوردیا ۔
انہوں نے جنوبی ایشیا میں امن کے فروغ بالخصوص پاکستان اوربھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں برطانیہ کی تعمیری کوششوں کوسراہا ۔
انہوں نے خطے میں پاکستان کی امن کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے دیرینہ تنازعات خصوصاً اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں وکشمیر کے مسئلے کے پرامن حل کی ضرورت پر زوردیا ۔
برطانوی ہائی کمشنر نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے برطانیہ کے عزم کا اعادہ کیا ۔
