پاکستان کا عراق کے استحکام، جمہوری پیشرفت کی حمایت کا اعادہ

0

نیویارک(ذیشان شمسی) پاکستان نے عراق کی جانب سے جمہوری اداروں کے استحکام، سیکیورٹی ماحول کی بہتری، اور قومی ترقی کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا ہے، جو کہ اندرونی اور علاقائی چیلنجز کے باوجود جاری ہیں۔
سلامتی کونسل میں ’’عراق میں اقوام متحدہ کے معاون مشن ‘‘سے متعلق بریفنگ کے دوران پاکستان کے مستقل نمائندے، سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ جاری اصلاحات، عوامی خدمات کی فراہمی کے اقدامات، وفاقی بجٹ کا نفاذ، صوبائی کونسلوں کے کامیاب انتخابات، اور علاقائی ترقی پر توجہ مثبت پیش رفت کی عکاسی کرتے ہیں۔
سفیر نے کہا کہ پاکستان عراق کے تمام سیاسی فریقین پر زور دیتا ہے کہ وہ مکالمے اور شمولیت کو برقرار رکھیں، خاص طور پر اس سال نومبر میں ہونے والے قومی انتخابات کی تیاریوں کے تناظر میں، اور ادارہ جاتی خلا کو پُر کرنے کے لیے کام کریں۔
انہوں نے انسانی پہلو پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیا، خاص طور پر اندرون ملک بے گھر افراد کی ضروریات کے حوالے سے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان افراد کی رضاکارانہ واپسی، دوبارہ انضمام اور دستاویزات تک بہتر رسائی میں عراق کی کامیابیوں کو تسلیم کرتا ہے۔ہم اس بات پر بھی زور دیتے ہیں کہ دیرپا حل ایسے ہونے چاہئیں جو انسانی حقوق اور وقار کے احترام پر مبنی ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے