سلامتی کونسل ، پاکستان کا پائیدار امن کے لیے عالمی اقدامات پر زور
نیویارک(ذیشان شمسی)پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی، پائیدار امن اور, انسانی حقوق ایک دوسرے سے گہرے طور پر جڑے ہوئے ہیں ۔ غربت، محرومی، عدم مساوات اور بنیادی حقوق کی عدم فراہمی صرف ترقیاتی مسائل نہیں بلکہ تنازعات کی سٹرکچرل وجوہات ہیں۔
پاکستان کے مستقل مندوب نے کہا کہ جب تک ان بنیادی محرکات کا ازالہ نہیں کیا جاتا، امن کی کوششیں نامکمل، غیر مستحکم اور عارضی رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا بڑھتی ہوئی عدم تحفظ، گہری ہوتی ہوئی عدم مساوات اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں رکاوٹوں کا سامنا کر رہی ہے۔ان چیلنجز کا بوجھ عالمی جنوب پر غیر متناسب طور پر پڑ رہا ہے، اور بڑھتا ہوا قرض، موسمیاتی دبا، بھوک اور محرومی دنیا کے کئی حصوں میں عدم استحکام کو ہوا دے رہے ہیں۔
