نائب وزیراعظم آئندہ ہفتے امریکہ کا دورہ کریں گے
اسلام آباد(سعد عمر)نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نیو یارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پاکستان کی صدارت کے عرصے میں مختلف اہم تقریبات میں شرکت اور واشنگٹن میں دیگر مصروفیات کیلئے اگلے ہفتے امریکہ کا دورہ کریںگے۔
نیو یارک میں نائب وزیراعظم تنازعات کے پرامن اور کثیر جہتی حل کے ذریعے عالمی امن کے فروغ کے موضوع پر ایک مباحثے کی صدارت کریںگے۔
مباحثے کا مقصد تنازعات کے پرامن حل کے لئے کثیر جہتی اقدامات کے تحت نئی راہیں تلاش کرنا اور سفارتکاری و مصالحت کو فرو غ دینا ہے۔
اسحاق ڈارمشرق وسطیٰ کی صورتحال خصوصاً فلسطین کے مسئلے پر سلامتی کونسل کے سہ ماہی مباحثے کی صدارت بھی کریں گے۔
نائب وزیراعظم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اعلیٰ سطح کی بریفنگ میں بھی شرکت کریں گے جس میں اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کے درمیان تعاون کے فروغ پر توجہ دی جائے گی۔ یہ اجلاس او آئی سی اور اقوام متحدہ میں تعاون مضبوط کرنے کیلئے پاکستان کی کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد عالمی امن اور سلامتی کو فروغ دیناہے۔
