وزیراعظم کا دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کا عزم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریاست پاکستان، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے
اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کے حوالے سے قائم رہبرکمیٹی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کثیر الجہتی حکمت عملی اپنائی ہے۔ دنیا دہشت گردوں کے خلاف ہماری کامیاب کاروائیوں کی معترف ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے زمینی آپریشن، متعلقہ قانون سازی، بامعنی عوامی رابطے اور انتہا پسند سوچ کی حوصلہ شکنی جیسے اہم عناصر کا بھرپور اور موثر استعمال کیا گیا۔
انہوں نے کمیٹی کو دہشت گردی کے خلاف وفاقی و صوبائی حکومتوں کے مابین ہم آہنگی کو موثر بنانے اور اس کی سفارشات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے بہادر افواج کے سپوتوں کے دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں کردارکو سراہا۔
