پاکستان کا بھارت کیساتھ جامع مذاکرات کا عندیہ
اسلام آباد (سعد عمر) بھارت کیساتھ جامع مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔دفترخارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات طے کرنے کیلئے بھارت کے ساتھ جامع اور مدلل مذاکرات کو تیار ہے ۔
انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہی ۔
ترجمان نے کہاکہ پاکستان کو بھارت کے ساتھ دہشت گردی کے معاملے پر بات کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں کیونکہ ہمارے پاس پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔
شفقت علی خان نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ان مذاکرات کی سہولت کاری کیلئے کسی بھی دوست ملک کی کوششوں کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
انہوں نے بھارت کی جانب سے اسلحے کے انبار لگانے کو خطے کے استحکام اور پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرہ قراردیا انہوں نے بھارت کی بے تحاشہ عسکری توسیع کو نظر انداز کرنے پر عالمی برادری پرتنقید کی اور کہاکہ اس کا جاری رہنا خطے کو عدم استحکام کا شکار کرسکتا ہے۔
