کراچی سے ’’را‘‘ کا خفیہ نیٹ ورک پکڑا گیا
کراچی سے بھارت کی خفیہ ایجنسی ’’ را‘‘ کا خفیہ نیٹ ورک پکڑا گیا۔محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے 8 جولائی کو گرفتار کیے گئے 4 بھارتی ایجنٹوں کی دہشت گردی کی کارروائیوں کی سازش بے نقاب کر دی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی آزاد خان نے صحافیوں کو بتایا کہ ’را‘ نے دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے لیے کراچی میں اپنا نیٹ ورک بنا رکھا تھا، ایجنٹوں کو ٹارگٹ کلنگ کی کارروائیوں کے لیے خطیر رقم فراہم کی گئی، کراچی میں دہشت گردوں کے سیف ہاؤسز بھی موجود تھے۔
ایڈیشنل آئی جی نے بتایا کہ سی ٹی ڈی سندھ اور وفاقی حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کی، اور کراچی میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کا بڑا نیٹ ورک پکڑا، بدین کے 45 سالہ عبدالرحمٰن کے قتل کی تحقیقات سے را نیٹ ورک کا سراغ لگایا گیا، عبدالرحمٰن کی 18 مئی کو ٹارگٹ کلنگ کی گئی تھی، تحقیقات کے بعد را نیٹ ورک کی ایک رپورٹنگ ایجنسی پر بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان کے خلاف مزید تحقیقات سی ٹی ڈی کو منتقل کی گئی تھیں، تحقیقات میں ’را‘ کا کردار واضح طور پر سامنے آیا، ’را‘ کی مالی اور لاجسٹک مدد سے دہشت گرد نیٹ ورک چلایا جا رہا تھا، کراچی میں دہشت گردوں کے لیے ’را‘ کا سیف ہاؤس قائم تھا، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی منصوبہ بندی بیرون ملک کی گئی۔
