این ڈی ایم اے کاکل سے بارش ،ممکنہ سیلاب کا انتباہ
کل سے پاکستان کے متعدد علاقوں میں موسلادھار بارش اور ممکنہ سیلاب کا امکان ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کل سے منگل تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
رواں ماہ کی 30 اور 31تاریخ تک پنجاب کے شمالی اور شمال مشرقی اضلاع جن میں راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، حافظ آباد اور منڈی بہائوالدین شامل ہیں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا امکان ہے۔
وسطی اور جنوبی پنجاب میں رواں ماہ کی 29 سے 31 تاریخ تک بارشوں کا امکان ہے جس میں نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔ ملتان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ، بھکر، ساہیوال، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں ممکنہ بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
خیبرپختونخوا میں کل سے رواں ماہ کی 31 تاریخ تک شدید بارشوں کا امکان ہے جس سے مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ موسمی نظام جہلم کے بالائی کیچمنٹ پر فعال ہے اور کل تک پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے جو منگل تک جاری رہ سکتا ہے۔
اس سسٹم کے زیر اثر آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں بشمول کوٹلی، باغ، میرپور، پونچھ، راولاکوٹ، مظفرآباد، حویلی اور گردونواح میں درمیانی سے شدید بارشیں متوقع ہیں۔
گلگت بلتستان میں کل سے اتوار تک بارشیں متوقع ہیںجس کے باعث گلگت، سکردو، ہنزہ، دیامر، استور، غذر اورگھانچے کے اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ ہے ۔
کراچی، ٹھٹھہ، سجاول، بدین اور تھرپارکر سمیت سندھ کے ساحلی اضلاع میں رواں ماہ کی 30 سے اگلے ماہ کی 2 تاریخ تک بارشیں متوقع ہیں۔
بلوچستان کے ساحلی و مشرقی اضلاع بشمول گوادر، کیچ، پنجگور، خضدار، لسبیلہ اور قلات میں کل سے اگلے ماہ کی یکم تاریخ تک بارشیں اور نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔
