تعلیم مکمل کرکے ملک و قوم کیلئے کام کریں،وزیراعظم کا طلبہ سے خطاب
وزیراعظم نے چین میں زیرتعلیم پاکستانی طلبہ سے کہا ہے کہ وہ پوری محنت سے تعلیم مکمل کر کے اپنے لوگوں کی خوشحالی اور ترقی کیلئے کام کریں۔
وہ اتوار کے روز چین کی تیاقنجن یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اور طلبا سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان کی تمام کوششیں صدر شی جن پنگ کے وژن اور فلسفے سے ہم آہنگ ہیں جس سے چینی قوم کی ترقی اور خوشحالی وابستہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں چینی ماڈل سے سیکھنا چاہئے جس کی آبادی کا ساٹھ فیصد سے زائد نوجوانوں پر مشتمل ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس صلاحیت کوبروئے کار لانے کیلئے پاکستان نے چین کیساتھ شراکت داری کی ہے تاکہ جدید تعلیم، ہنر مندی کی ترقی اور پیشہ ورانہ تربیت کے نئے مواقع تلاش کئے جا سکیں۔
شہباز شریف نے اطمینان کا اظہار کیا کہ تیانجن یونیورسٹی میں پاکستان کے مختلف حصوں سے 200 سے زائد طلبا زیرتعلیم ہیں۔
انہوں نے حکومتی اقدامات کے بارے میں کہا کہ انہوں نے پاکستان سے 1,000 زرعی گریجوایٹس کو جدید تکنیک سیکھنے کیلئے چین بھیجا ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان سے تقریبا 30,000 طلبا چین میں تعلیم و تربیت حاصل کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گریجویٹ مختلف فصلوں کی اعلیٰ پیداوار کے حصول کیلئے وطن واپس جا کر کسانوں کی مدد کریں گے۔
انہوں نے چینی ماہرین پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی پیشہ ورانہ تربیت کی صلاحیت کو بڑے پیمانے پر صلاحیت کوبروئے کار لانے میں مدد کریں۔
