وزیراعظم کا ایس سی او کے منشورکیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ

0

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے منشور اور شنگھائی جذبے کی اعلیٰ اقدارکیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔
چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی کونسل کے پچیس ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو علاقائی تعاون اور اتحادکیلئے پاکستان کے مستقل عزم کی بہترین نمائندگی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’ایک خطہ ایک شاہراہ‘‘کے قومی منصوبے کے تحت چین پاکستان اقتصادی راہداری علاقائی روابط اور اقتصادی ترقی کیلئے ایس سی اوکے وژن کے مطابق عملی طور پر مفید ثابت ہو سکتی ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام رکن ممالک کی خودمختاری اور سا لمیت کے احترام کا اعادہ کرتے ہوئے دوطرفہ اور بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری پر زور دیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان موجود معاہدوں کے مطابق پانی کے جائز حصے تک بلا تعطل رسائی سے ایس سی او کو تقویت اور وسیع تر اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔
شہبازشریف نے مذاکرات، سفارتکاری اور کثیرجہتی نظام میں پاکستان کے یقین پر زور دیتے ہوئے اپنے تمام ہمسائیہ ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات کی خواہش کا اعادہ کیا۔
انہوں نے جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کی غرض سے دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے مربوط مذاکرات پر زور دیا۔
وزیراعظم نے ریاستی دہشت گردی سمیت ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے اس ناسور کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے مثال قربانیوں کا بھی تذکرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس جعفرایکسپریس کے مسافروں کو یرغمال بنانے کے واقعے اور بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے حملوں میں غیرملکی مداخلت کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے