وزیراعظم سیلاب متاثرثن کی مکمل بحالی کیلئے پر عزم
اسلام آباد۔۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گی۔
آج اسلام آباد میں حالیہ طوفانی بارشوں و سیلابی صورتحال اور جاری امدادی سرگرمیوں و بحالی کیلئے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں و سیلاب کے متاثرین کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کی ہر قسم کی معاونت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے بروقت انخلا اور امدادی سرگرمیوں کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایسے متاثرین جو نادرا کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں، ان تک مالی معاونت پہنچانے کیلئے کمیٹی قائم کی جائے۔ انہوں نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کو ہدایت جاری کی کہ وہ آئندہ برس کی مون سون کیلئے ابھی سے تیاری کرے اور پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات بشمول موسلادھار بارشیں و سیلاب سے بچانے اور انکے نقصانات کو کم سے کم کرنے کیلئے دو ہفتے میں ایک جامع لائحہ عمل پیش کرے۔
