پاکستان،چین کا دفاعی پیداوار میں تعاون کو وسعت دینے کا اعادہ

0

صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین دفاعی پیداوار اور ہوا بازی کے شعبے میں اشتراک عمل کو وسعت دیتے رہیں گے جس کامقصدسدا بہار تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کومزید فروغ دیناہے۔
صدر نےاس عزم کا اعادہ آج چین کی ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن کے دورے کے دوران کیا۔
صدر نے اے وی آئی سی کا وسیع و عریض کمپلیکس دیکھا اور انجینئرز اور سائنسدانوں سے بھی ملاقات کی جنہوں نے انہیں جدت، پیداوار اور مستقبل کی ٹیکنالوجیز کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔
آصف علی زرداری کو اے وی آئی سی کی جدید صلاحیتوں بشمول جے ٹین لڑاکا طیارے،جے ایف سیون ٹین تھنڈر کی پاکستان کے ساتھ مشترکہ پیداوار ‘J-20 اسٹیلتھ فائیو جنریشن لڑاکا طیارے، بغیر پائلٹ کے فضائی گاڑیاں، مکمل طور پر خودکار یونٹس اور ملٹی کنٹرول سسٹم کے جدید آپریشن کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
صدر نے کہا کہ جے ٹین اور جے ایف سیون ٹین نے پاک فضائیہ کو انتہائی مضبوط کیا ہے،جس کی عکاسی مئی 2025 کے معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران واضح طور پر ہوئی۔
انہوں نے اے وی آئی سی کو چین کی ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی اور پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار تزویراتی شراکت داری کی علامت کے طورپر سراہا۔
صدر آصف علی زرداری کا یہ دورہ پہلا تاریخی دورہ ہے اور اس سے قبل کسی بھی غیر ملکی سربراہ مملکت نے اے وی آئی سی کمپلیکس کا دورہ نہیں کیا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے