انسانیت کیخلاف جنگی جرائم ،اسرائیل کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ
پاکستانی نیوز۔۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انسانیت کے خلاف جنگی جرائم پر اسرائیل کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی ریاست کی اقوام متحدہ کی رکنیت معطل کرنے کے حامی ہیں۔
وزیراعظم نے آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے لئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے غزہ میں فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دوحہ میں ہونے والے عرب اسلامی ہنگامی سربراہ اجلاس میں پاکستان کا دوٹوک اور اصولی مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا۔انہوں نے دوحہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کا مقصد امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنا تھا۔ سوال ہے کہ ان مذموم مقاصد کے ساتھ مذاکراتی عمل کا ڈھونگ کیوں رچایا گیا؟
وزیراعظم نے اسرائیلی دہشت گردی کے شکار نہتے فلسطینیوں کا مقدمہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بربریت تمام حدیں پار کر چکی ہے۔اسرائیل کے جارحانہ عزائم روکنے کے لئے ٹاسک فورس تشکیل دی جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اجتماعی دانش سے اقدامات نہ کئے تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔
محمد شہباز شریف نے دو ریاستی حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے عرب اسلامی سربراہ ہنگامی اجلاس کے لئے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے پاکستان کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
