اشتعال انگیزی کے ہر اقدام کا بھرپور جواب دیا جائیگا،وزیراعظم

0

وزیر اعظم شہباز شریف نے اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا اور ہر اشتعال انگیزی کا بھرپور اورموثر جواب دیا جائے گا۔
اتوار کے روز جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے افغانستان کی اشتعال انگیزی کے جواب میں پاکستان کی جانب سے بھرپور اور موثر کاروائی اور پاکستان پر حملوں میں ملوث افغانستان میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنانے پر پاک افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے ان کامیاب کاروائیوں کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے 23جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے شہدا کی بلندی درجات کی دعا کی اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ وزیراعظم نے دہشت گردوں کے خلاف کاروائیوں میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
شہباز شریف نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ہر قسم کی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے کئی دفعہ افغانستان کو وہاں موجود فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان جیسے دہشت گرد عناصر کے بارے میں معلومات دی ہیں، جو افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان توقع کرتا ہے کہ افغان عبوری حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ دہشت گرد عناصرافغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے