قطر کے ساتھ سرمایہ کاری اور تجارت میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں: صدر مملکت
اسلام آباد(پاکستانی نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قطر کے ساتھ سرمایہ کاری اور تجارت میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔
اپنے بیان میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے ریاستِ قطر کے قومی دن پر مبارکباد پیش کی اور امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی و قطری عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قطر کے تعلقات مشترکہ اقدار اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور دیرپا برادرانہ تعلقات قائم ہیں،امیرِ قطر کی قیادت میں قطر نے نمایاں ترقی اور کامیابیاں حاصل کیں۔
انہوں نے کہا کہ خطے اور عالمی سطح پر قطر کا مثبت کردار قابلِ تحسین ہے،قطر کے ساتھ سرمایہ کاری اور تجارت میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، توانائی، زراعت اور ٹیکنالوجی میں شراکت داری کو فروغ دیا جائے گا، افرادی قوت اور عوامی روابط دونوں ممالک کے تعلقات کی بنیاد ہیں۔