وینزویلا صورتحال صورتحال مزید تشویشناک ہونے کا خدشہ ہے : سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

0

نیویارک اقوام متحدہ ( ذیشان شمسی ) اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےسیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ امریکا نے وینزویلا میں عالمی قوانین کا احترام نہیں کیا، وینزویلا کا مستقبل غیریقینی صورتحال کا شکار ہے۔ 

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ امریکا کی تحویل میں ہیں، وینزویلا میں عدم استحکام پھیلنے اور خطے کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام فریقین اقوام متحدہ چارٹر کی پاسداری کریں، فریقین جامع مکالمہ شروع کریں تاکہ تمام طبقات مستقبل کا فیصلہ خود کرسکیں۔

انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے مطابق کسی بھی ریاست کے خلاف طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی دینا سختی سے ممنوع ہے، تاہم 3 جنوری کو ہونے والی کارروائی میں اس اصول کو نظرانداز کیا گیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور دیگر بین الاقوامی قانونی ضوابط کا احترام ناگزیر ہے۔

اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے تمام فریقین سے اپیل کی کہ وہ مسائل کا حل جامع، پرامن اور جمہوری مکالمے کے ذریعے تلاش کریں اور قانون کی حکمرانی کو مقدم رکھیں۔

انتونیو گوتریس نے واضح کیا کہ بین الاقوامی امن و سلامتی اسی صورت میں برقرار رہ سکتی ہے جب تمام ممالک اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی پابندی کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے