امریکہ کا 66 بین الاقوامی اداروں سے دستبردار ھونے کا اعلان ، صدر ٹرمپ نے حکم نامہ پر دستخط کردئیے
واشنگٹن / نیویارک ( ذیشان شمسی ) وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایگزیکٹو آرڈر کے تحت صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ امریکہ 66 بین الاقوامی اداروں سے دستبردار ہو رہا ہے جن کی نشاندہی ٹرمپ انتظامیہ کے اس جائزے میں ہوئی کہ وہ فضول خرچ، غیر موثر اور نقصان دہ بین الاقوامی ادارے ہیں۔ جبکہ مزید بین الاقوامی اداروں کا جائزہ ابھی جاری ہے جاری بیان کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ یہ ادارے اپنے دائرہ کار میں غیر ضروری طور پر ایک دوسرے کی نقل ہیں، بدانتظامی کا شکار ہیں، غیر ضروری اور فضول خرچ ہیں، ناقص طور سے چلائے جا رہے ہیں، ایسے عناصر کے مفادات کے زیراثر آ چکے ہیں جو ہمارے مفادات کے خلاف اپنے ذاتی ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں یا ہماری قومی خودمختاری، آزادیوں اور مجموعی خوشحالی کے لیے خطرہ ہیں بیان میں کہا گیا ھے کہ صدر ٹرمپ اس بارے میں بالکل واضح ہیں اب یہ قابل قبول نہیں کہ امریکہ کے عوام کا خون پسینہ اور محنت کی کمائی ان اداروں کو بھیجی جائے اور اس کے بدلے بہت کم یا کچھ بھی حاصل نہ ہو۔ اب ٹیکس دہندگان کے اربوں ڈالر ہمارے عوام کی قیمت پر غیر ملکی مفادات کی تکمیل کے لیے استعمال نہیں ہوں گے۔