دہشت گرد جہاں بھی ہوں گے، بھرپور ضرب لگائیں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر
دہشت گرد جہاں بھی ہوں گے، بھرپور ضرب لگائیں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گرد جہاں بھی ہوں گے، ان کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، جبکہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف آپریشنز پوری شدت سے جاری رہیں گے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں خیبر پختون خوا کی سیکیورٹی صورتِ حال، انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں، سرحدی انتظامات اور صوبے میں تعینات فوجی فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری اور مسلسل چوکسی برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے عوام، شہداء اور سیکیورٹی فورسز کے غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی حمایت سے پاکستان دہشت گردوں اور ان کے گمراہ کن نظریے کو مکمل شکست دے گا۔