امریکی وسط مدتی انتخابات ابتدائی نتائج ،، میں ڈیموکریٹس کو واضح برتری حاصل ،، ڈیموکریٹ امیدوار گورنر نیویارک کیتھی ہوکل ایک بار پھر بازی لے گئیں
نیویارک/واشنگٹںن(پاکستانی نیوز) امریکی وسط مدتی انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس نے اب تک 111، ریپبلکنز نے 62 نشستیں جیت لی ہیں، جبکہ سینیٹ میں ڈیموکریٹس نے 45 اور حکومتی پارٹی نے 36 نشستوں پر میدان مار لیا ہے۔
ابتدائی نتائج کے مطابق ڈیموکریٹس کو ایوان نمائندگان میں واضح برتری حاصل ہے، کینٹکی کے ڈسٹرکٹ 5 سے ریپبلکن امیدوار ہال راجرز کامیاب قرار پائے جبکہ ڈسٹرکٹ 3 کی نشست ڈیموکریٹ امیدوار مورگن میک گیروی نے جیت لی۔
فلوریڈا کے ڈسٹرکٹ 12 سے ڈیموکریٹ امیدوار ڈیبی واسرمین شلٹز نے ریپبلکن حریف برینٹ اینڈرسن کو شکست دے کر مسلسل 12ویں مرتبہ کانگریس کی رکنیت حاصل کر لی، فلوریڈا کے ڈسٹرکٹ 19 سے ریپبلکن امیدوار جم شوارٹزل بھی کامیاب قرار پائے جبکہ ڈسٹرکٹ 23 سے ڈیموکریٹ امیدوار لوئس فرینکل نے کامیابی حاصل کی۔
ریاست جارجیا میں بھی ڈیموکریٹس نے متعدد نشستیں جیت لیں، ڈسٹرکٹ 5 سے نکیما ولیمز، ڈسٹرکٹ 13 سے جیسمین کلارک، ڈسٹرکٹ 6 سے لوسی میکبتھ اور ڈسٹرکٹ 4 سے ہینک جانسن نے ایوان نمائندگان کی نشستیں اپنے نام کر لیں۔
ورمونٹ کے ڈسٹرکٹ 1 سے ڈیموکریٹ امیدوار بیکا بالنٹ نے ریپبلکن حریف کو شکست دے دی جبکہ ریاست اوہائیو کی ایوان نمائندگان کی تین نشستیں بھی ڈیموکریٹس کے حصے میں آئیں۔
ٹیکساس کے ڈسٹرکٹ 30 سے ڈیموکریٹ امیدوار فریڈرک ڈی نے کامیابی حاصل کی، فلوریڈا سے سامنے آنے والے نتائج کے مطابق ڈیموکریٹس نے ایوان نمائندگان کی 4 جبکہ ریپبلکنز نے 5 نشستیں جیتیں۔
دوسری جانب سینیٹ کے انتخابات میں بھی ڈیموکریٹس نے متعدد اہم کامیابیاں حاصل کیں، جارجیا سے ڈیموکریٹ امیدوار جان اوسوف نے سینیٹ کی نشست جیت لی جبکہ ڈیلاویئر، نیوجرسی، رہوڈ آئی لینڈ، میساچوسٹس اور الینوائے سے بھی ڈیموکریٹ امیدوار کامیاب ہوئے۔
نیو ہیمپشائر سے ڈیموکریٹ امیدوار کرس پاپاس نے سینیٹ کی نشست اپنے نام کی جبکہ نارتھ کیرولائنا سے ڈیموکریٹ امیدوار رائے کوپر بھی سینیٹ کیلئے منتخب ہوگئے، ڈیموکریٹس اب تک سینیٹ کی 9 نشستیں جیتنے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔
تاہم فلوریڈا سے ریپبلکن امیدوار ایشلے موڈی نے سینیٹ کی نشست جیت لی، ایشلے موڈی نے 2025ء میں مارکو روبیو کے امریکی وزیر خارجہ بننے کے بعد خالی ہونے والی نشست سنبھالی تھی۔
صرف یہی نہیں بلکہ گورنر کے انتخابات میں بھی ڈیموکریٹس نے کامیابیاں حاصل کی ہیں، نیویارک ، میری لینڈ، پینسلوینیا، میساچوسٹس اور الینوائے میں ڈیموکریٹ امیدوار گورنر منتخب ہو گئے۔
امریکی کانگریس کے دونوں ایوانوں پر کنٹرول کیلئے ہونے والے ان انتخابات میں ایوان نمائندگان کی 435 نشستوں میں سے کم از کم 218 نشستیں حاصل کرنے والی جماعت کو اکثریت ملے گی، ڈیموکریٹس کو ایوان کا کنٹرول حاصل کرنے کیلئے درکار نشستوں کے حصول کی امید ہے جبکہ ریپبلکنز اپنی اکثریت برقرار رکھنے کیلئے میدان میں ہیں۔
انتخابی نتائج واضح ہونے کے بعد ہی یہ فیصلہ ہو سکے گا کہ صدر ٹرمپ کی جماعت ریپبلکن پارٹی کانگریس میں اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب ہوتی ہے یا ڈیموکریٹس ایوان نمائندگان کا کنٹرول حاصل کرکے امریکی سیاست میں نئی صورتحال پیدا کرتے ہیں۔