پاکستان اقوام متحدہ کے تخفیف اسلحہ کمیشن کا متفقہ طور پر چیئرمین منتخب
نیویارک (ذیشان شمسی)پاکستان اقوام متحدہ کے تخفیف اسلحہ کمیشن کا متفقہ طور پر چیئرمین منتخب ہوگیا۔یہ انتخاب نیو یارک میں تخفیف اسلحہ کمیشن کے ایک اجلاس میں کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے کہا کہ اقوام متحدہ کے تخفیف اسلحہ کے ادارے نے بروقت سیاسی عزم اور توجہ سے ماضی میں بھی شدید بحرانوں میں کارکردگی دکھائی اور آج بھی یہ مستعدی سے کام کررہا ہے۔
انہوں نے سکیورٹی تحفظات دور کرنے کیلئے ہم آہنگی پر مبنی لچکدار رویوں اور باہمی احترام کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ایسے مسائل کے حل کیلئے جامع اور متفقہ لائحہ عمل اختیار کیا جاسکے۔
