پاکستان جمہوری اور سیاسی جدوجہد کے ذریعے قائم ہوا ،سماجی و اقتصادی ترقی اور روشن مستقبل کا انحصار اداروں کو مضبوط کرنے پر ہے۔سفیر منیر اکرم 

0

نیویارک ( ذیشان شمسی ) پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی پر نیویارک میں پاکستان مشن اور قونصلیٹ کی جانب سے پروقار تقریب کا انعقاد کیاگیا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر منیر اکرم نے قیام پاکستان کے تاریخی پس منظر پر تفصیلی روشنی ڈالی انکا کہناتھا برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک نئے وطن کے قیام کا خواب وہ حقیقت تھا جسے اس وقت کے بہت سے تجزیہ کار ناممکن سمجھتے تھے۔ قائداعظم کی دوراندیش قیادت اور مسلمانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سفیر منیر اکرم نے کہا کہ اگر پاکستان نہ ہوتا تو ہم غلامی کی زنجیروں میں جکڑے رہتے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی مسلمانوں کی موجودہ حالت جو ہندوتوا نظریے کا شکار ہو رہے ہیں، قائداعظم کی سیاسی بصیرت کی توثیق کرتی ہے۔معزز سفیر نے کہا کہ پاکستان حق خودارادیت کے اصول پر قائم ہوا تھا ہماری آزادی کا پورا تصور اس وقت تک نامکمل ہے جب تک کشمیری اپنے ناقابلِ تنسیخ حق خودارادیت کو حاصل نہ کرلیں۔  انہوں نے کہا کہ قائداعظم کا نعرہ اتحاد، ایمان اور تنظیم محض ایک نعرہ نہیں بلکہ ملک کی سماجی و اقتصادی صلاحیت کو کھولنے کے لیے ایک لازمی امر ہے۔  سفیر منیر اکرم نے ابھرتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز، بشمول دہشت گردی، سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے مسلح افواج کو مضبوط اور جدید بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسے خطے میں واقع ہیں جو منفرد چیلنجوں سے گھرا ہوا ہے، اور اس تناظر میں ہمیں اپنی فوجی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے