اقوام متحدہ غزہ میں جنگ بندی کے نفاذ کے لیے فوری اور موثر اقدامات کا کرے، سفیر منیر اکرم

نیویارک اقوام متحدہ ( ذیشان شمسی ) پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ بندی کو نافذ کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے اور اسرائیل پر اسلحہ کی خریدو فروخت پر پابندی عائد کی جائے تاکہ خطے میں امن استحکام قائم کیا جاسکے پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب، منیر اکرم نے سلامتی کونسل کے 15 رکنی اجلاس میں کہا کہ "اسرائیل سے منت سماجت کا کوئی فائدہ نہیں ہوا”۔ انہوں نے مزید کہا کہ "ہمیں سیاسی اتفاق رائے کو متحرک کرنا ہوگا تاکہ فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت نافذ کیا جا سکے” پاکستانی سفیر نے کہا کہ اسرائیل کی جاری جارحیت نہ صرف خطے کو غیر مستحکم کر رہی ہے بلکہ یہ عالمی امن اور سلامتی کے لیے بھی سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے "بے قابو رویے” کی کوئی مثال نہیں ہے انکا کہناتھا کہ سلامتی کونسل کو چاہیے کہ وہ اسرائیل کی ہٹ دھرمی کے خلاف سخت اقدامات تجویز کرے، جس میں اسلحے کی پابندی، فلسطین، مغربی کنارے اور لبنان میں جرائم کے مرتکب افراد کے خلاف عدالتی کارروائیاں، اور اسرائیل کی اقوام متحدہ کی رکنیت پر نظرثانی جیسے اقدامات شامل ہیں
منیر اکرم کا کہناتھا کہ ہمیں انسانیت، انصاف اور امن کے حصول کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے ہوں گے، تاکہ فلسطینیوں اور خطے کے تمام ممالک کے لیے ایک پائیدار حل فراہم کیا جا سکے۔