پاکستانی سفیر پاک امریکہ تعلقات،تجارت و سرمایہ کے فر وغ کیلئے متحرک
نیویارک( ذیشان شمسی)امریکی میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ پاک امریکہ تعلقات، تجارت وسرمایہ کاری کے فروغ اور عوامی روابط بڑھانے کے لئے متحرک۔ سفیر پاکستان نے متعدد کانگریس اراکین سے ملاقاتیں کی ہیں۔
ملاقاتوں میں پاک امریکہ تعلقات، تجارت وسرمایہ کاری کے فروغ اور عوامی روابط بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
کانگریس کی خاتون رکن سلِویا آر گارسیا سے ملاقات کے بعد سفیر پاکستان نے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ رکن کانگریس کے ساتھ ملاقات کرکے اچھا لگا۔ریاست ٹیکساس کے ساتھ معاشی تعلقات کا فروغ خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، اور عوامی روابط پر تبادلہ خیال ہوا۔
امریکی کانگریس کی فنانشل سروسز کمیٹی کی رینکنگ ممبر میکسین واٹرز سے ملاقات کا احوال بیان کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے لکھا کہ رکن کانگریس میکسین واٹرز ہمیشہ سے پاکستان کی عظیم دوست رہی ہیں۔ ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ رکن کانگریس جان ردرفورڈ کے ساتھ انتہائی خوشگوار اور نتیجہ خیز ملاقات ہوئی،ملاقات میں ریپبلکن انتظامیہ کے دوران روابط پر توجہ مرکوز کی گئی۔ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات میں رکن کانگریس کی گہری دلچسپی کو سراہتے ہیں۔
رکن کانگریس رینڈی ویبر سے ملاقات کے بعد سفیر پاکستان نے ٹویٹ کیا کہ کانگریس مین رینڈی ویبر پاکستان کے دیرینہ دوست ہیں اور مضبوط پاک امریکہ تعلقات کے حامی ہیں،پاکستان اور امریکی ریاست ٹیکساس کے درمیان مزید بہتر روابط و تعلقات کے لئے اقتصادی تعامل کو فروغ دیا جائے گا۔
سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ کانگریس مین رابرٹ بی ایڈر ہولٹ سے مل کر خوشی ہوئی۔ ان سے مخلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سفیر پاکستان نے رکن کانگریس ایڈر ہولٹ کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
