بھارت کا کوئی بھی یکطرفہ قانون تنازعہ کشمیر کی بین الاقوامی حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتا، سفیر منیر اکرم

نیویارک ( ذیشان شمسی ) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر جناب منیر اکرم نے پانچ فروری کےحوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے او آئی سی رابطہ گروپ برائے جموں و کشمیر کے ارکان کا کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی بھارتی تسلط کے خلاف مزاحمت، بنیادی حقوق اور انصاف کی جدوجہد ہے۔ انہوں نے نسل در نسل کشمیری عوام کی قربانیوں اور ان کے جائز حقوق کے لیے کی جانے والی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔ سفیر منیر اکرم نے وضاحت کی کہ جموں و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادیں اب بھی موثر اور نافذ العمل ہیں اور بھارت کا کوئی بھی یکطرفہ قانون اس تنازعے کی بین الاقوامی حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کو یا تو نافذ کرکے یا سلامتی کونسل کے ذریعے تبدیل کیا جا سکتا ہے، اس کے علاوہ ان کی قانونی حیثیت میں تبدیلی کا کوئی اور راستہ نہیں۔ انہوں نے بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدامات کو کالعدم اور غیر قانونی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 25 کے تحت بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کا پابند ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات کے بعد، مسئلہ کشمیر کو تین بار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اٹھایا گیا۔ منیر اکرم نے کہا کہ پاکستانی سفارت کاروں کے لیے سب سے اہم کام یہ ہے کہ وہ بین الاقوامی برادری کو اس حقیقت سے آگاہ کریں کہ اگر کشمیر کے تنازع کا منصفانہ اور پُرامن حل نہ نکالا گیا تو اس سے خطے کے امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔