پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے غیر ذمہ دارانہ بیان کو مسترد کر دیا
اسلام آباد( سعد عمر) پاکستان نے برسلز میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کے دوران بھارتی وزیرخارجہ کے غیرذمہ دارانہ بیانات کو یکسر مسترد کردیا ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اعلیٰ سفارتکاروں کی بات چیت کا مقصد کشیدگی کو ہوا دینے کے بجائے امن وہم آہنگی ہوناچاہیے ۔
ایک وزیرخارجہ کا لب ولہجہ اس کے اعلی منصب سے مطابقت رکھتا ہو ۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت کی پاکستان کے خلاف مسلسل ہزرہ سرائی نہ تو اس کی سرحد پار دہشت گردی کی سرپرستی کو چھپا سکتی ہے اور نہ ہی بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں ریاستی ظلم وجبر پر پردہ ڈال سکتی ہے۔
بیان میں کہاگیا کہ بھارت اپنے حالیہ جارحانہ اقدامات کا جواز پیش کرنے کیلئے گمراہ کن اور من گھڑت بیانیہ دینے سے بھی باز رہے ۔
پاکستان پرامن بقائے باہمی ، مذاکرات اور سفارتکاری پریقین رکھتا ہے ۔
بیان میں کہاگیا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنی خودمختاری کا دفاع کرنے کے عزم پرکاربند ہے جس کا ثبوت گزشتہ ماہ بھارت کے حملوں کا جواب میں دیا گیا۔
دفترخارجہ نے کہاکہ پاکستان کے خلاف ناکام مہم جوئی کے بعد بھارت کے بیانیے سے مایوسی واضح طوپر عیاں ہے ۔
بھارتی رہنمائوں کو اچھی طرح معلوم ہوچکا ہے کہ انھیں اپنی گفتگو کے معیار کو بہتر بناتے ہوئے پاکستان سے مخاصمت کو اپنے دل سے نکال دینا چاہیے ۔
انہوں نے کہاکہ تاریخ یہ دیکھے گی کہ کس نے عقلمندی کامظاہرہ کیا نہ کہ کس نے زیادہ واویلا کیا ۔
