سلامتی کونسل،پاکستان کا سوڈان میں مکالمے کے مطالبے کا اعادہ

0

نیویارک(ذیشان شمسی) سلامتی کونسل میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا کہ سوڈان میں جاری مسلح تنازع نے عوام کو ناقابل تصور مصائب سے دوچار کیا ہے، اور یہ ایک افسوسناک حقیقت ہے کہ وہ لوگ جنہیں بیس سال قبل ظلم و ستم کا نشانہ بنایا گیا تھا آج بھی اذیت میں مبتلا ہیں۔
بین الاقوامی فوجداری عدالت کی دارفور (سوڈان) سے متعلق 41ویں رپورٹ پر پاکستان کا قومی بیان دیتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ دو دہائیوں قبل آئی سی سی کو ریفرل کے باوجود، دارفور میں مظالم کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ زمزم کیمپ جیسے مقامات پر متاثرین آج بھی انصاف کے منتظر ہیں، اور ان مظالم کے مرتکب افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جانا ضروری ہے۔
سفیر عاصم افتخار نے کہا کہ سوڈان میں انصاف، احتساب اور پائیدار امن کے لیے عبوری انصاف کا حصول استحکام کی کوششوں سے الگ نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ سوڈان کے قومی عدالتی اداروں کو تکنیکی و دیگر معاونت فراہم کرے تاکہ وہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لا سکیں، اور عبوری انصاف کو ملک میں دیرپا امن کی بنیاد بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے