دوسر ا ٹی ٹونٹی،ویسٹ انڈیز2 وکٹوں سے فتحیاب
مقابلہ تو دل ناتواں نے خوب کیا۔۔ویسٹ انڈیز نےدو سرے ٹی ٹونٹی میچ میں جیسن ہولڈر کی شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس کے باعث پاکستان کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد2وکٹوں سے کامیابی سمیٹی۔
تین میچز کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہوگئی ۔ سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ کل کھیلا جائےگا۔
لارڈر ہل فلوریڈامیں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ20اوورز میں 9وکٹوں پر133رنزبنائے۔ حسن نواز40اور کپتان سلمان علی آغا 38رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ فخر زمان نے20رنز جوڑے۔ دیگر بلے باز ڈبل فگر تک بھی نہ پہنچ سکے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے4اوورز میں 19رنز کے عوض 4کھلاڑیوں کو چلتا کیا۔ گوداکیش موتی نے2وکٹیں حال کیں۔
ویسٹ انڈیز نے 134رنز کا ہدف 20ویں اوور کی آخری بال پر 8وکٹوں پر حاصل کیا۔ گوداکیش موتی نے 28، کپتان شے ہوپ نے21 ، روسٹن چیز نے 16اور روماریو شیفرڈ نے15رنز بنائے۔آخری بال پر ویسٹ انڈیز کو 3رنز درکار تھے، جیسن ہولڈر نےچوکا لگا کر اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ ہولڈر16رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے3 اور صائم ایوب نے2وکٹیں حاصل کیں۔ہولڈر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
