بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا،فیلڈ مارشل
واشنگٹن(ذیشان شمسی) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان واضح کرچکا ہے کہ کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
امریکہ میں مقیم پاکستانیوں سے واشنگٹن میں خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی عزت و وقار کا سرچشمہ اور دیگر پاکستانیوں کی طرح پرجوش ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بیرون ملک پاکستانی "برین ڈرین نہیں بلکہ برین گین” ہے۔
فیلڈ مارشل نے کہاکہ بھارت اپنے آپ کو "وشوا گرو” کے طور پر پیش کرنا چاہتا ہے، لیکن عملی طور پر ایسا کچھ بھی نہیں۔ بھارت کی خفیہ ایجنسی راکی ٹرانس نیشنل دہشتگرد سرگرمیوں میں شمولیت عالمی سطح پر شدید تشویش کا باعث ہے۔ اس کی مثالیں کینیڈا میں سکھ رہنما کا قتل، قطر میں آٹھ بھارتی نیول افسران کا معاملہ، اور کلبھوشن یادیو جیسے واقعات ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی امتیازی اور دوغلی پالیسیوں کے خلاف کامیاب سفارتی جنگ لڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ بھارتی جارحیت جو شرمناک بہانوں کے ساتھ کی گئی، نے پاکستان کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی کی اور معصوم شہریوں کو شہید کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت نے خطے کو ایک خطرناک طور پر بھڑکنے والی جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا، جہاں کسی بھی غلطی کی وجہ سے دو طرفہ تصادم بہت بڑی غلطی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پریذیڈنٹ ٹرمپ کا انتہائی مشکور ہے جن کی اسٹریٹجک لیڈشپ کی بدولت نا صرف انڈیا پاکستان جنگ رکی بلکہ دنیا میں جاری بہت سی جنگوں کو روکا گیا ہے
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس اشتعال انگیزی کا پرعزم اور بھرپور جواب دیا،ہم نے وسیع تر تنازعہ کو روکنے میں کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اب بھی خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے پر بضد ہے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان واضح کرچکا ہے کہ کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا کوئی اندرونی معاملہ نہیں بلکہ ایک نامکمل بین الاقوامی ایجنڈا ہے۔ جیسا کے قائد اعظم نے کہا تھا کشمیر پاکستان کی "شہ رگ” ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر سلامتی کونسل کی قراردادیں بھی موجود ہیں اور پاکستان ان قراردادوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ غزہ میں جاری نسل کشی، ایک بدترین انسانی المیہ ہے جس کے عالمی اور علاقائی دونوں سطح پر شدید مضمرات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ا فغانستان سے کئی دہشت گرد تنظیمیں جس میں فتنہ الخوارج شامل ہے، پاکستان کے خلاف متحرک ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ ہماری ترقی اور خوشحالی دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں سے وابستہ ہے۔
