سیلاب زدہ علاقوں میں امداد و بحالی کیلئے کوششیں جاری رکھی جائینگی،وزیراعظم
وزیر اعظم شہباز شریف نے عزم ظاہر کیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کا کام مکمل ہونے تک تمام ممکنہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی ۔
انہوں نے آج اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے صوبائی حکومتوں کو بھرپور تعاون فراہم کیا ہے۔
شہباز شریف نے امدادی کارروائیوں میں مسلح افواج کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج لوگوں کو بچانے کیلئے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں پہنچی۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں میں سات سو سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے جن میں چار سو سے زیادہ کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے وزارت ماحولیاتی تبدیلی کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے جبکہ دیگر متعلقہ اداروں کو بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
ـدریائوں کے کنارے غیر قانونی تعمیرات اور گلیات میں جنگلات کی کٹائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ جلد ان مسائل پر غور کیلئے ایک اجلاس بلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی ہاتھوں سے ہونے والی تباہی ناقابل قبول ہے۔
چینی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ چین پاکستان کا دوست اور سٹرٹیجک شراکت دار ہے ۔
انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہورہے ہیں انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کی حمایت کی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وہ چین کا دورہ کریںگے جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے علاوہ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریںگے ۔
اس موقع پر حالیہ بارشوں اور سیلاب میں جاں بحق افراد کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔
