قازقستان کے نائب وزیراعظم سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے
اسلام آباد(سعد عمر)قازقستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ مراد نورتیلو اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
مغربی ایشیا کے امور کے لئے وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری سید علی اسد گیلانی اور دیگر اعلیٰ حکام نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔
تیرہ رکنی وفد بھی قازقستان کے نائب وزیراعظم کے ہمراہ ہے۔
ان کے اس اہم دورے کے بعد رواں سال نومبر میں قازقستان کے صدر پاکستان آئیں گے۔
دورے کے موقع پر زراعت اور آئی ٹی پر مشترکہ ورکنگ گروپس کے اجلاس بھی ہوں گے۔
قازقستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے جس کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوگی۔
مرات نورٹلو کی صدر اور وزیر اعظم پاکستان سے بھی ملاقات متوقع ہے۔
قازقستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان اور قازقستان کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور دونوں ممالک کے عوام کے فائدے کے لیے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں مدد دے گا۔
