افغانستان سے ہونیوالی دہشت گردی قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہے،عاصم افتخار
نیویارک( ذیشان شمسی) پاکستان نے افغان حکام پر زور دیا ہے کہ وہ انسداد دہشت گردی سے متعلق اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کریں۔
افغانستان کی صورتحال پر سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے عاصم افتخار احمد نے کہا کہ افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی پاکستان کی قومی سلامتی کے لیے بدستور سب سے بڑا خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ داعش ، القاعدہ، ٹی ٹی پی، ای ٹی آئی ایم، بی ایل اے اور مجید بریگیڈ سمیت دہشت گرد تنظیمیںافغان پناہ گاہوں سے مذموم کارروائیاں سر انجام دیتی ہیں جہاں اس طرح کے ساٹھ سے زائد دہشت گرد کیمپ سرحد پار سے دراندازی اور حملوں کیلئے مرکز کے طور پر سر گرم ہیں۔
