پشاور زلمی کی بڑی فتح، لاہور قلندرز مشکلات کا شکار؛ اسامہ میر نے کمبینیشن کو وجہ قرار دے دیا

0
پشاور زلمی کی بڑی فتح، لاہور قلندرز مشکلات کا شکار؛ اسامہ میر نے کمبینیشن کو وجہ قرار دے دیا

پشاور زلمی کی بڑی فتح، لاہور قلندرز مشکلات کا شکار؛ اسامہ میر نے کمبینیشن کو وجہ قرار دے دیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو اپنے پانچویں میچ میں تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا، جہاں پشاور زلمی نے انہیں 76 رنز سے شکست دی۔

نیشنل اسٹیڈیم میں میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے اسپنر اسامہ میر نے کہا کہ ٹیم کمبینیشن میں تبدیلی کے باعث کارکردگی متاثر ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ غلطیوں کی وجہ سے شکست ہوئی، تاہم ٹیم اگلے میچز میں خامیوں کو دور کر کے کم بیک کرنے کی کوشش کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور اور کراچی کی کنڈیشنز مختلف ہیں، اور کراچی میں اسپن بولنگ کو حالات کے مطابق استعمال کیا گیا۔ اسامہ میر کے مطابق اب تک ٹیم نے ڈے میچز کھیلے ہیں جبکہ آئندہ نائٹ میچز میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کی جائے گی۔

دوسری جانب پشاور زلمی کے سری لنکن بیٹر کوشل مینڈس نے فتح کے بعد کہا کہ پاور پلے کا مؤثر استعمال ٹیم کی کامیابی کا سبب بنا۔ انہوں نے 48 گیندوں پر 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں پانچ چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔

کوشل مینڈس نے کہا کہ انہیں بابر اعظم کی جانب سے بہترین سپورٹ ملی، اور وہ اب مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ میچ میں سنچری بنانے سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا، جبکہ بابر اعظم بھی فارم میں واپس آ چکے ہیں۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ آئندہ میچ میں ملتان سلطانز کے خلاف کامیابی حاصل کر کے فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے، اور پاکستان میں کھیلنا ہمیشہ خوشگوار تجربہ ہوتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے