بشریٰ بی بی کی سرجری کے بعد سزا معطلی کیس میں تیزی، ہائی کورٹ میں فوری سماعت کی درخواست

0
بشریٰ بی بی کی سرجری کے بعد سزا معطلی کیس میں تیزی، ہائی کورٹ میں فوری سماعت کی درخواست

بشریٰ بی بی کی سرجری کے بعد سزا معطلی کیس میں تیزی، ہائی کورٹ میں فوری سماعت کی درخواست

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی آنکھ کے آپریشن کے بعد 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں قانونی پیش رفت تیز ہو گئی ہے۔

بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے سزا معطلی کی درخواست پر جلد فیصلہ کروانے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں نئی درخواست دائر کر دی ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی میڈیکل ایمرجنسی کے باعث ان کی اپیل پر فوری سماعت کی جائے اور وکلا و اہلِ خانہ کو ان تک رسائی دی جائے۔

درخواست کے مطابق بشریٰ بی بی کی آنکھ کی سرجری راولپنڈی کے الشفا آئی اسپتال میں کی گئی، تاہم سرجری سے قبل اہلِ خانہ یا وکیل کو آگاہ نہیں کیا گیا۔ وکیل نے مؤقف اپنایا کہ قانونی طور پر اس حوالے سے اطلاع دینا ضروری تھا اور ایسا نہ کرنا مریضہ کی جان کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی کو کالی عینک پہنے ہوئے پایا گیا اور ان کی طبی حالت تشویشناک محسوس ہوئی، جبکہ اب تک ڈاکٹروں یا جیل حکام کی جانب سے مکمل طبی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

وکیل نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ 15 مئی 2025 سے زیر التوا سزا معطلی کی درخواست پر فوری فیصلہ کیا جائے اور بشریٰ بی بی تک وکیل اور فیملی کی رسائی یقینی بنائی جائے۔

واضح رہے کہ 17 جنوری 2025 کو احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان کو 14 سال اور بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی، جبکہ دونوں پر جرمانے بھی عائد کیے گئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے