عازمین حج منیٰ پہنچنا شروع، حج کے اہم مراحل کا آغاز، شدید گرمی کا الرٹ جاری
عازمین حج منیٰ پہنچنا شروع، حج کے اہم مراحل کا آغاز، شدید گرمی کا الرٹ جاری
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں عازمین حج نے مناسک حج کا آغاز کرتے ہوئے خیموں کے شہر منیٰ کا رخ شروع کر دیا ہے، جہاں روحانی ماحول میں عبادت اور لبیک کی صدائیں گونج رہی ہیں۔
حجاج کرام کی منیٰ آمد کا سلسلہ دن بھر جاری رہے گا جبکہ پیر کی شب تمام عازمین منیٰ میں قیام کریں گے۔ اس کے بعد منگل 9 ذی الحج کو حج کے سب سے اہم رکن وقوفِ عرفہ کی ادائیگی کے لیے منیٰ سے عرفات روانگی ہوگی۔
دوسری جانب سعودی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ حج کے دنوں میں مکہ مکرمہ اور اطراف میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے دوران درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی تقریباً 40 فیصد رہنے اور بعض علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔ حکام نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری دھوپ سے بچیں، زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کریں اور حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے حجاج کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جن میں بڑی تعداد فضائی راستے سے مکہ مکرمہ پہنچی ہے۔
ادھر مقدس مقامات پر عازمین کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جن میں سایہ دار جگہیں، کولنگ فینز اور طبی سہولیات میں اضافہ شامل ہے تاکہ عبادات کے دوران زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔