شدید گرمی میں گاڑیوں کی حفاظت کیلئے ماہرین کی اہم سمر ہدایات جاری
شدید گرمی میں گاڑیوں کی حفاظت کیلئے ماہرین کی اہم سمر ہدایات جاری
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)پاکستان میں شدید گرمی کے پیش نظر ماہرین نے گاڑی مالکان اور خریداروں کے لیے اہم سمر ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرمی، دھول، ٹریفک اور کھلی پارکنگ گاڑیوں کی کارکردگی اور ظاہری حالت پر منفی اثر ڈال سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق صرف چمکدار یا پالش شدہ گاڑی کو اچھی حالت میں سمجھنا درست نہیں، بلکہ گاڑی کی مکمل مکینیکل جانچ ضروری ہے۔
ماہرین نے مشورہ دیا کہ گاڑی کو دھو کر خشک حالت میں سورج کی روشنی میں دیکھا جائے تاکہ خراشیں، ڈینٹ، زنگ، ری پینٹ شدہ حصے اور پینٹ فیڈنگ واضح طور پر نظر آ سکیں۔
رپورٹ کے مطابق ویکس، پولش اور سیرامک کوٹنگ جیسے طریقے گاڑی کے پینٹ کو سورج کی تپش اور دھول سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتے ہیں، تاہم خریداروں کو صرف ظاہری چمک پر انحصار نہیں کرنا چاہیے۔
ماہرین نے خبردار کیا کہ شدید گرمی میں ٹائروں کی حالت نہایت اہم ہوتی ہے، کیونکہ خراب یا پرانے ٹائر ہائی وے پر خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ اس لیے ٹائر پریشر، ٹریڈ، سائیڈ وال کریکس اور مینوفیکچرنگ ڈیٹ ضرور چیک کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ انجن آئل، کولنٹ اور دیگر فلوئڈز کی کمی یا خرابی انجن اوور ہیٹنگ کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے گاڑی خریدنے سے پہلے لیکج اور فلوئڈ لیولز کی جانچ لازمی کی جائے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ بریکنگ سسٹم، لائٹس، وائیپرز، بیٹری اور اے سی کی کارکردگی بھی ضرور چیک کی جائے کیونکہ یہ عناصر براہ راست گاڑی کی حفاظت اور آرام دہ استعمال سے متعلق ہیں۔
ماہرین نے زور دیا کہ گاڑی خریدتے وقت صرف ظاہری خوبصورتی نہیں بلکہ مکمل تکنیکی اور مکینیکل حالت کا معائنہ ضروری ہے تاکہ بعد میں اضافی اخراجات اور مسائل سے بچا جا سکے۔