ارجنٹینا کے صدر ورلڈ کپ فائنل اسٹیڈیم میں نہیں جائیں گے، دلچسپ وجہ سامنے آگئی
ارجنٹینا کے صدر ورلڈ کپ فائنل اسٹیڈیم میں نہیں جائیں گے، دلچسپ وجہ سامنے آگئی
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
ارجنٹینا کے صدر خاویر میلئی نے اعلان کیا ہے کہ وہ فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میچ کے لیے اسٹیڈیم نہیں جائیں گے بلکہ گھر پر بیٹھ کر ہی میچ دیکھیں گے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق خاویر میلئی کا ماننا ہے کہ ارجنٹینا کی ٹیم کی کامیابی ان کے مخصوص معمول سے جڑی ہوئی ہے، اسی لیے وہ فائنل کے موقع پر بھی اپنا یہی معمول برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔
ارجنٹینا کے فائنل میں پہنچنے کے بعد جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو کے ساتھ نیو جرسی میں فائنل میچ دیکھنے جائیں گے، تو انہوں نے واضح جواب دیا، "نہیں، میں فائنل گھر پر بیٹھ کر دیکھوں گا۔”
صدر میلئی نے بتایا کہ انہوں نے ٹیم کے تمام گزشتہ میچز بھی گھر پر بیٹھ کر ہی دیکھے۔ ان کے مطابق سوئٹزر لینڈ کے خلاف میچ کے دوران انہوں نے سردی کے باعث ایک بھاری جیکٹ پہن رکھی تھی، لیکن جب انہوں نے گرمی محسوس ہونے پر جیکٹ اتاری تو اسی دوران مخالف ٹیم نے گول کر دیا۔ اس کے بعد انہوں نے فوری طور پر جیکٹ دوبارہ پہن لی اور میچ ختم ہونے تک نہیں اتاری۔
انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے وہ ورلڈ کپ کے فائنل کے دوران بھی وہی جیکٹ پہنیں گے تاکہ ارجنٹینا کی کامیابی کا سلسلہ برقرار رہے۔
رپورٹس کے مطابق ارجنٹینا میں بہت سے شائقین بھی ٹیم کی کامیابی کے حوالے سے اسی نوعیت کے توہمات اور خوش قسمتی سے منسلک روایات پر یقین رکھتے ہیں۔
اس کے علاوہ ارجنٹینا کے صدور کی اسٹیڈیم میں میچ نہ دیکھنے کی ایک تاریخی روایت بھی موجود ہے۔ 1990ء میں اس وقت کے صدر کارلوس مینم ارجنٹینا کا میچ دیکھنے اسٹیڈیم گئے تھے، جہاں ٹیم کو اپنے پہلے ہی میچ میں کیمرون کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی واقعے کے بعد سے اب تک کوئی بھی ارجنٹائنی صدر قومی ٹیم کا میچ براہِ راست اسٹیڈیم میں دیکھنے نہیں گیا۔