یومِ استحصالِ کشمیر آج منایا جا رہا ہے، ملک بھر میں ریلیاں اور یکجہتی کی تقریبات

0
یومِ استحصالِ کشمیر آج منایا جا رہا ہے، ملک بھر میں ریلیاں اور یکجہتی کی تقریبات

یومِ استحصالِ کشمیر آج منایا جا رہا ہے، ملک بھر میں ریلیاں اور یکجہتی کی تقریبات

اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)

مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے کے سات سال مکمل ہونے پر آج دنیا بھر میں کشمیری اور پاکستان میں یومِ استحصالِ کشمیر منایا جا رہا ہے۔ اس دن کا مقصد کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدام کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانا ہے۔

اس موقع پر اسلام آباد سمیت ملک بھر میں خصوصی تقریبات، ریلیوں اور دعائیہ اجتماعات کا اہتمام کیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت میں شاہراہ دستور پر ریلی نکالی گئی، جبکہ صبح 9 بجے سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی یکجہتی ریلیاں منعقد ہوئیں۔

یاد رہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 اور 35A کو منسوخ کیا تھا، جسے پاکستان اور کشمیری قیادت مسلسل مسترد کرتے آ رہے ہیں۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام تنازعِ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل سے وابستہ ہے، جبکہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے، سیاسی قیادت کو دبانے، شہری آزادیوں پر قدغنیں لگانے اور ذرائع ابلاغ پر پابندیاں عائد کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود کشمیری عوام کا عزم اور جدوجہد برقرار ہے، اور عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور دیرپا حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے