ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے استعفے کی افواہیں مسترد کر دیں
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے استعفے کی افواہیں مسترد کر دیں
اسلام آباد(پاکستانی نیوزڈیسک)
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اپنے استعفے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے عہدے پر برقرار ہیں اور بطور صدر اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔
ایرانی سرکاری ٹی وی کو حکومت کے دو سال مکمل ہونے پر دیے گئے انٹرویو میں صدر پزشکیان نے کہا کہ اگر وہ کبھی استعفیٰ دینے کا فیصلہ کریں گے تو اس کا اعلان خود کریں گے، تاہم فی الحال ایسا کوئی ارادہ نہیں۔
انہوں نے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے ساتھ اختلافات کی خبروں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت، سپریم لیڈر اور مسلح افواج کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور قریبی رابطہ موجود ہے۔ ان کے مطابق بعض عناصر جان بوجھ کر قیادت کے درمیان اختلافات کا تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ ان کی حکومت آئینی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ریاستی ادارے باہمی تعاون کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
اس سے قبل ایرانی صدر کے نائب انفارمیشن افسر مہدی طباطبائی بھی استعفے کی خبروں کی تردید کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض سیاسی عناصر دانستہ طور پر ایسی افواہیں پھیلا رہے ہیں تاکہ قومی اتحاد کو نقصان پہنچایا جا سکے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق صدر پزشکیان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران داخلی سیاسی معاملات اور خطے کی بدلتی صورتحال کے باعث عالمی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، اور ان کے بیان کا مقصد قیادت کے درمیان اختلافات کی خبروں کی تردید کرنا ہے۔