وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس: پیٹرولیم سبسڈی کا فوری اجرا، عوام کو بڑا ریلیف پیکیج
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس: پیٹرولیم سبسڈی کا فوری اجرا، عوام کو بڑا ریلیف پیکیج
شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس میں خطے میں حالیہ کشیدگی کے تناظر میں پیٹرولیم مصنوعات پر دی جانے والی سبسڈی پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایندھن کے ذخائر، کھپت اور سبسڈی کی فراہمی کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے سبسڈی کی ادائیگی فوری طور پر یقینی بنائی جائے، جس کا آغاز مقررہ تاریخ سے پہلے ہی کر دیا گیا ہے۔ شفافیت برقرار رکھنے کیلئے سبسڈی کی رقم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے دی جا رہی ہے۔
اعلان کے مطابق مسافر بسوں کو ایک لاکھ روپے ماہانہ، منی بس اور ویگنوں کو 40 ہزار روپے، ٹرکوں کو 70 ہزار روپے، بڑی مال بردار گاڑیوں کو 80 ہزار روپے جبکہ ڈیلیوری وینوں کو 35 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جا رہی ہے تاکہ کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہو۔
وزیراعظم نے بتایا کہ گزشتہ تین ہفتوں میں 129 ارب روپے کا ریلیف پیکیج دیا جا چکا ہے۔ مزید برآں پیٹرول لیوی میں 80 روپے فی لیٹر کمی، ٹول ٹیکس میں سہ ماہی 25 فیصد اضافے کی واپسی اور پاکستان ریلوے کی جانب سے 6 ارب روپے سبسڈی کے ذریعے کرایوں کو مستحکم رکھا گیا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک میں ایندھن کے وافر ذخائر موجود ہیں اور ضروریات پوری کرنے کیلئے صورتحال تسلی بخش ہے۔ وزیراعظم نے سرفراز بگٹی کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ بلوچستان کی حکومت نے قومی پیکیج کیلئے اپنی مقررہ رقم جمع کرا دی ہے، جبکہ دیگر صوبوں سے بھی جلد تعاون کی امید ظاہر کی گئی۔
اجلاس میں اسحاق ڈار سمیت وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں حکومت عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرتی رہے گی۔